سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

سردی کی شدت میں مزید اضافہ؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

ملک کے مختلف حصوں میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت بڑے شہروں میں درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز تک سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں یخ بستہ ہواؤں کے باعث سردی میں اضافہ ہوا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سردی کی لہر 18 جنوری تک جاری رہ سکتی ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 98 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس سے سردی کا احساس مزید بڑھ گیا ہے، جبکہ تقریباً 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔

لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے، مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 189 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آ گیا ہے، ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں بھی سرد ہواؤں کے باعث موسم سرد ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

 گزشتہ چند روز سے شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں کراچی کے موسم کو متاثر کر رہی ہیں، جبکہ کوئٹہ میں درجہ حرارت میں کمی کے اثرات بھی کراچی تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تعلیمی ادارے کل کھلیں گے یا نہیں؟ اہم خبر سامنے آگئی

ماہرین کے مطابق آئندہ دو روز میں سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے،  ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار مضرِ صحت ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دسویں نمبر پر موجود ہے، جبکہ فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 139 پارٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،  محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، دن بھر تقریباً 9 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی رہیں گی اور ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد سے زائد ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو رہی ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے کسی امکان کو رد کر دیا ہے، شدید سردی، دھند اور فضائی آلودگی کے پیش نظر ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *