الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی نقل لازمی فراہم کی جائے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق پریذائیڈنگ افسران پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی ایک ایک مصدقہ نقل فراہم کریں۔ تمام 24 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فارم 45 کی فراہمی الیکشن ایکٹ اور رولز 2017 کے مطابق یقینی بنائی جائے۔ ہدایات پر عمل درآمد کا مقصد انتخابی عمل میں شفافیت برقرار رکھنا اور نتائج کی ترسیل و اعلان کو خوش اسلوبی سے مکمل کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن نے تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن پُرامن ماحول میں ہوئے اور سکیورٹی کے لیے 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے۔
راجہ شہباز خان نے کہا کہ عوام نے پُرامن ماحول میں ووٹ کاسٹ کیے، انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لینے پر عوام کا شکر گزار ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کر کے انتخابی عمل کا جائزہ لیا اور الیکشن کمیشن کو کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔