گلگت الیکشن، تجزیہ کاروں نے ن لیگ کا پلڑا بھاری قرار دے دیا

گلگت الیکشن، تجزیہ کاروں  نے ن لیگ کا پلڑا بھاری قرار دے دیا

گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اس کے ساتھ ہی سیاسی مبصرین نے بھی گہرائی سے اس انتخابی معرکے کا پوسٹ مارٹم شروع کر دیا ہے۔

سینئرتجزیہ کاروں کے مطابق وفاق میں پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی حالیہ کارکردگی، معاشی استحکام اور ملک کے لیے کیے گئے ترقیاتی اقدامات اس الیکشن میں ن لیگ کی متوقع کامیابی کی سب سے بڑی وجہ بن کر سامنے آسکتے ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کے عوام عام طور پر اسی جماعت کو مینڈیٹ دیتے ہیں جو وفاق میں برسرِاقتدار ہوتی ہے تاکہ خطے کے ترقیاتی فنڈز اور گرانٹس میں رکاوٹ نہ آئے۔ تاہم اس بار تجزیہ کاروں کے مطابق صرف روایتی رجحان ہی نہیں بلکہ وفاق میں وزیراعظم شہباز شریف کی اقتصادی پالیسیوں، مہنگائی میں کمی اور گلگت بلتستان کے بنیادی ڈھانچے خصوصاً سیاحت اور توانائی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ نے عوام کے فیصلے پر گہرا اثر ڈالا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات، بعض مقامات پر سیاسی کارکنوں میں جھڑپیں، چیف الیکشن کمشنر کا اہم بیان جاری

اسی کارکردگی کی بنیاد پر سیاسی تجزیہ کار یہ اندازہ لگا رہے ہیں کہ مسلم لیگ ن 13 کے قریب نشستیں لے کر باآسانی حکومت سازی کے مرحلے میں داخل ہوسکتی  ہے ۔تجزیہ کاروں کی رائے کے مطابق اپوزیشن جماعتوں بالخصوص پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے زمینی کارکردگی کے بجائے صرف سوشل میڈیا اور بیانیے کی سیاست پر انحصار کیا، جسے وفاقی حکومت کی عملی کارکردگی کے سامنے عوام نے یکسر مسترد کر دیا۔

 سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ  پاکستان پیپلز پارٹی (PPP) نے اگرچہ اپنے گڑھ میں مزاحمت دکھائی ہے، لیکن وہ وفاق کی ترقیاتی لہر کے آگے صرف 4 نشستوں تک محدود ہوتی دکھائی دے رہی ہےجبکہ مقامی اثر و رسوخ کی حامل آزاد شخصیات بھی3 کے قریب سیٹیں حاصل کر سکتی ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک ایسا حلقہ جہاں سب سے سخت اور ٹف مقابلہ متوقع تھا، وہاں بھی وفاقی حکومت کی کارکردگی اور مستقبل میں گلگت بلتستان کو ملنے والے ممکنہ پیکیجز کا اثر دیکھا گیا، جس کی وجہ سے وہاں بھی اپوزیشن امیدوار کو شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اگرچہ غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ  ابھی جاری ہے اور حتمی نتائج الیکشن کمیشن ہی جاری کرے گا، لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ متوقع نتائج وفاق کی کارکردگی پر عوام کی مہرِ تصدیق ہیں۔

ن لیگ نے وفاق اور پنجاب میں بہترین کارکردگی کی بدولت عوام کے دلوں میں جگہ بنا لی ہے اور عوام نے ن لیگ کو بھر پور طریقے سے سپورٹ کیا اور اپنا حق رائے دہی بھی ن لیگ کے حق میں استعمال کیا ،گلگت کے عوام توقع کر رہے ہیں کہ ن لیگ اب جی بی میں بھی ترقیاتی کام پھر سے شروع کریگی اور خوشحالی کا دور دورہ ہوگا ۔

editor

Related Articles