چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، جسٹس محسن کیانی کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ کرنے کی منظوری

چیف جسٹس آف پاکستان  کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، جسٹس محسن کیانی کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ کرنے کی منظوری

چیف جسٹس جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرِ صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اہم اجلاس میں ہائیکورٹس کے ججوں کے تبادلوں کی منظوری دے دی گئی، جن میں متعدد اہم عدالتی شخصیات شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران لاہور ہائیکورٹ میں ججوں کے تبادلوں سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر جسٹس محسن اختر کیانی کے لاہور ہائیکورٹ تبادلے کی منظوری دی گئی۔ یہ فیصلہ اکثریتی رائے سے کیا گیا، جہاں کمیشن کے 9 ارکان نے ان کے تبادلے کے حق میں ووٹ دیا۔

اسی اجلاس میں جسٹس ثمن رفعت امتیاز کے سندھ ہائیکورٹ تبادلے کی بھی منظوری دی گئی، جس کی منظوری بھی اکثریتی رائے سے دی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹس بابر ستار کا تبادلہ پشاور ہائیکورٹ کر دیا گیا ہے۔ تاہم ان کے تبادلے کے خلاف 3 ووٹ سامنے آئے۔

یہ بھی پڑھیں: جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب،ججز سے متعلق معاملات پر مشاورت ہوگی

اس سے قبل جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو ایک خط تحریر کیا تھا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 200 کے تحت کسی بھی جج کے تبادلے سے قبل اسے ذاتی طور پر سنا جانا چاہیے۔ انہوں نے کمیشن سے درخواست کی تھی کہ ٹرانسفر کے معاملے پر فیصلہ کرنے سے پہلے انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب کمیشن کے اراکین میں شامل جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلوں کی سفارش واپس لے لی ہے، جس کے بعد ان کے تبادلوں کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔

Related Articles