واہگہ بارڈر پر معرکہ حق کی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں افواج پاکستان کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس تقریب میں قومی ہیروز، سیاستدانوں، طلبہ، مذہبی رہنماؤں، اقلیتی برادری کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب میں شرکاء نے فوجی پریڈ میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی اور افواجِ پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا، فضا “افواج پاکستان زندہ باد” اور قومی جذبے کے نعروں سے گونجتی رہی، جبکہ شہریوں نے فوجی دستوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔
شرکاء نے اس موقع پر کہا کہ قوم نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہے،شہریوں کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان المرصوص میں افواجِ پاکستان کے مؤثر اور بھرپور جواب نے دشمن کو پسپائی پر مجبور کیا۔
شہریوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق کے دوران دشمن کو جس طرح سبق سکھایا گیا آئندہ بھی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ملک کے دفاع کے لیے قومی اتحاد اور افواج پر اعتماد ہی اصل طاقت ہے۔
تقریب کے دوران مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے لیے پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔