جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آر ایس ایس کے پروگرام کے خلاف طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

جامعہ ملیہ اسلامیہ میں آر ایس ایس کے پروگرام کے خلاف طلباء کا احتجاجی مظاہرہ

آل انڈیا اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن اور دیگر ترقی پسند طلبہ تنظیموں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقد ہونے والے آر ایس ایس کے پروگرام “یووا کمبھ” کے خلاف بھرپور احتجاج کیا اور یونیورسٹی میں اس کے انعقاد کی سخت مخالفت کی۔

طلبہ تنظیموں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آر ایس ایس کا ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں کوئی کردار نہیں رہا بلکہ ان کے مطابق اس تنظیم نے برطانوی نوآبادیاتی حکمرانوں کے ساتھ تعاون کیا بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ایسی صورتحال میں تنظیم کا اپنے آپ کو سو سالہ قومی تعمیر کا حصہ قرار دینا قابلِ سوال ہے۔

احتجاج کرنے والے طلبہ نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے آر ایس ایس کو کیمپس میں پروگرام کے انعقاد کی کھلی اجازت دی، جبکہ ترقی پسند طلبہ گروہوں کو تعلیم، جمہوریت اور آئینی اقدار سے متعلق تقریبات کے انعقاد کی اجازت نہیں دی گئی طلبہ تنظیموں نے اس عمل کو امتیازی قرار دیتے ہوئے شدید اعتراض اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں :بھارت میں آر ایس ایس کے انتہاپسند بے لگام، اقلیتوں کی زندگی اجیرن

مظاہرین طلبا کا مزید کہنا تھا کہ آر ایس ایس ایک فرقہ وارانہ ایجنڈا فروغ دیتی ہے جو معاشرے میں تقسیم کا باعث بنتا ہے، اس لیے اس طرح کی تنظیموں کا جامعہ ملیہ اسلامیہ یا کسی بھی تعلیمی ادارے میں کوئی مقام نہیں ہونا چاہیے۔

احتجاج کے دوران طلبہ تنظیموں نے نعرے بازی کی اور پروگرام کے خلاف پوسٹرز بھی آویزاں کیے، جن میں اس ایونٹ اور اس کے پیغام کی مخالفت کی گئی۔

طلبہ رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایسے پروگراموں کو کیمپس میں ہونے کی اجازت نہیں دیں گے ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کی آزادی کے لیے مجاہدین نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاجبکہ آر ایس ایس نے قومی تحریک کے برعکس کردار ادا کیا۔

editor

Related Articles