پاک افغان سرحد پر افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی بلا اشتعال جارحیت کے بعد پاک فوج نے آپریشن “غضب للحق” کے تحت بھرپور جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے، جبکہ افغان طالبان کی اہم تنصیبات جیسے سرشان، المرجان، ایدھی پوسٹ اور دیگر مقامات کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ پاک فوج کا دفاعِ وطن کے لیے عزم غیر متزلزل ہے اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کے عزائم کو ناکام بنا دیا جائے گا۔
پاک فوج کا آپریشن “غضب للحق” تمام مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
دوسری جانب پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس کمانڈ نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح-II میزائل سسٹم کی کامیاب تربیتی مشق کی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فتح-II جدید ایویونکس اور اسٹیٹ آف دی آرٹ نیویگیشنل معاونت سے لیس ہے، تربیتی لانچ کا مقصد فوجیوں کی پیشہ ورانہ تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی و بچاؤ کے ساتھ ہدف تک پہنچنے اور مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کامیاب تجربے کا مشاہدہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس کمانڈ، پاک فوج کے سینئر افسران کے علاوہ اسٹریٹجک اداروں کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی کیا۔