پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیر اہتمام ونٹرانٹرن شپ 2026 کا ملک بھر میں کامیاب انعقاد جاری ہے، جس کا مقصد نوجوان نسل کی فکری تربیت، قومی شعور کی بیداری اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے باصلاحیت اور بااعتماد بنانا ہے۔ یہ انٹرن شپ پروگرام قومی ترقی کے لیے نوجوانوں کو مثبت سمت فراہم کرنے کے عزم کا واضح مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ونٹر انٹرن شپ 12 جنوری سے 20 فروری تک جاری رہے گی، جس میں ملک کے 25 شہروں میں قائم 27 مختلف مقامات پر سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس قومی سطح کے پروگرام میں 4500 سے زائد طلبا و طالبات شرکت کر رہے ہیں، جن کا تعلق مختلف تعلیمی اداروں اور پس منظر سے ہے۔
انٹرن شپ پروگرام کے دوران طلبا و طالبات کو قومی سلامتی، جیو پولیٹکس، میڈیا کے کردار، ہائبرڈ وار فیئر، سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی استعمال اور پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز جیسے اہم موضوعات پر خصوصی لیکچرز دیے جا رہے ہیں۔ ان لیکچرز کا مقصد نوجوانوں کو حقائق پر مبنی آگاہی فراہم کرنا اور منفی پروپیگنڈے کے مقابلے میں شعوری سوچ کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر انٹرن شپ کا ایک اہم پہلو پاک فوج کی پیشہ ورانہ تربیت اور نظم و ضبط سے آگاہی ہے، جس کے لیے فوجی تنصیبات کے دورے بھی پروگرام کا حصہ بنائے گئے ہیں۔ ان دوروں کے دوران طلبا کو پاک فوج کے کام کرنے کے طریقہ کار، قربانیوں اور قومی دفاع میں اس کے کردار کے بارے میں براہِ راست معلومات دی جا رہی ہیں۔
انٹرن شپ میں شریک طلبا نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے ایسے انٹرن شپ پروگرام نوجوان نسل کی فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ طلبا کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے انہیں سیکھنے، سوچنے اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے قیمتی مواقع مل رہے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
طلبا کا کہنا تھا کہ آئی ایس پی آر انٹرن شپ منفی پروپیگنڈے کے برعکس حقائق سے آگاہی کے لیے ایک مثبت اور مؤثر پلیٹ فارم ہے، جہاں سوال کرنے، سمجھنے اور درست معلومات حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں میں قومی ذمہ داری اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
شرکاء نے پاک فوج سے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، اور اس طرح کے اقدامات نوجوانوں اور افواجِ پاکستان کے درمیان اعتماد اور ربط کو مزید مستحکم کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ جیسے پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو فکری طور پر مضبوط بناتے ہیں بلکہ انہیں ملک کی ترقی و خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں، جو ایک مضبوط اور باشعور پاکستان کی بنیاد ہے۔