وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز و پورٹ سکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ملاقات میں امیگریشن کےعمل کو مزید سہل، تیز اور مؤثر بنانے کے حوالے سے تفصیلی تباد لہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پری امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے باضابطہ معاہدے پر اتفاق کیا گیا جسے دونوں ممالک کے درمیان سفری سہولتوں میں ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پری امیگریشن کلیئرنس کے اس نئے نظام کا آغاز ابتدائی طور پرپائلٹ منصوبے کے تحت کراچی سے کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کی امیگریشن اور دیگر متعلقہ کلیئرنس پاکستان میں ہی مکمل کر لی جائے گی جس کے بعد مسافروں کو یواے ای پہنچنے پر طویل امیگریشن کارروائی سے نہیں گزرنا پڑے گا۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ اس نظام کے نفاذ کے بعد مسافر متحدہ عرب امارات کے ایئرپورٹس پر ڈومیسٹک سفر کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سفر بھی بہتر ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ یہ اقدام کاروباری مسافروں، مزدوروں اور سیاحوں کے لیے یکساں طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پاکستان مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے امیگریشن اور سفری نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے،ان کا کہنا تھا کہ پری امیگریشن کلیئرنس جیسے اقدامات عالمی معیار کے مطابق ہیں اور اس سے پاکستان کے ایئرپورٹس پر سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آئے گی۔
متحدہ عرب امارات کے وفد نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے عوام کے لیے انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ،وفد کا کہنا تھا کہ اس نظام سے نہ صرف مسافروں کو سہولت ملے گی بلکہ دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان تعاون اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
پائلٹ منصوبے کے انتظامی اور تکنیکی پہلوؤں کو حتمی شکل دینے کے لیے متعلقہ حکام کے درمیان رابطہ کاری جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا،یہ بھی طے پایا کہ پائلٹ منصوبے کی کامیابی کے بعد پری امیگریشن کلیئرنس کے اس نظام کو مرحلہ وار دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جما عبداللہ القابی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایئرپورٹس حماد سیف المشغونی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے ۔