پاکستان کی پہلی سولر سے چلنے والی گاڑی متعارف کرا دی گئی ہے، جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہونے کے ساتھ ماحول دوست بھی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی سولر انرجی کے ذریعے چلتی ہے اور اس میں ایک سولر پلیٹ نصب کی گئی ہے، جس کے ذریعے گاڑی چلتے ہوئے سورج کی روشنی سے خود کو چارج کرتی رہتی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی کو بجلی کے ذریعے براہِ راست بھی چارج کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی کے نمائندے کے مطابق اس گاڑی میں صارفین کی سہولت کے لیے آٹو میٹک گیئر سسٹم فراہم کیا گیا ہے، جبکہ اے سی اور ہیٹر کی سہولت بھی موجود ہے، جس سے اسے ہر موسم میں قابلِ استعمال بنایا گیا ہے۔ گاڑی میں جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ شہری ٹرانسپورٹ کے لیے ایک سستا اور مؤثر متبادل فراہم کیا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق گاڑی کو مکمل طور پر چارج کرنے میں پانچ سے سات گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔ ایک مرتبہ مکمل چارج ہونے کے بعد یہ گاڑی 80 کلومیٹر سے لے کر 150 کلومیٹر تک کا سفر طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جس کا انحصار ڈرائیونگ کنڈیشن اور استعمال پر ہوگا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سولر گاڑی چھ مختلف رنگوں میں دستیاب ہے، تاکہ صارفین اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکیں۔ گاڑی کی زیادہ سے زیادہ رفتار 55 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جا رہی ہے، جو شہری علاقوں میں روزمرہ استعمال کے لیے موزوں سمجھی جا رہی ہے۔
مزید یہ کہ گاڑی میں بیک ریورس کیمرہ بھی نصب کیا گیا ہے، جو پارکنگ اور ریورس کرتے وقت ڈرائیور کے لیے معاون ثابت ہوگا۔ کمپنی کے مطابق سولر سے چلنے والی اس گاڑی کے مختلف ماڈلز متعارف کرائے گئے ہیں، جن کی قیمت 10 لاکھ 95 ہزار روپے سے شروع ہو کر 13 لاکھ 95 ہزار روپے تک ہے۔
کمپنی نمائندے کا کہنا ہے کہ اس گاڑی کا مقصد ایندھن کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل کا حل پیش کرنا ہے، جبکہ مستقبل میں اس منصوبے کو مزید وسعت دینے کا بھی ارادہ ہے۔