انڈونیشیا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری

انڈونیشیا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری

اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم موقع سامنے آ گیا ہے، جہاں انڈونیشیا کی معروف جامعہ محمدیہ سوراکرتا یونیورسٹی (یو ایم ایس) نے مکمل فنڈڈ انٹرنیشنل پرائیورٹی اسکالرشپ (آئی پی ایس) 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اسکالرشپ کے تحت پاکستانی طلبہ کو انڈرگریجوایٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے ساتھ مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس اسکالرشپ میں نہ صرف مکمل تعلیمی فیس شامل ہے بلکہ ماہانہ رہائشی وظیفہ، کتابوں کے اخراجات، صحت کا بیمہ، ویزا فیس اور تعلیم مکمل ہونے کے بعد وطن واپسی کا ہوائی ٹکٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم کا بنیادی مقصد پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کے باصلاحیت طلبہ کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اہلیت کے معیار کے مطابق انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے لیے انٹرمیڈیٹ پاس ہونا لازمی ہے، جبکہ ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلے کے لیے متعلقہ تعلیمی ڈگری اور انگریزی زبان میں مہارت ضروری قرار دی گئی ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے منتخب طلبہ کو ایک سالہ مفت انڈونیشین زبان کا کورس بھی کرایا جائے گا تاکہ وہ تعلیمی اور سماجی ماحول سے بہتر طور پر ہم آہنگ ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا پاکستانی طلبہ کو ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دینے کا اعلان

یہ تعلیمی پروگرام ستمبر 2026 سے باقاعدہ طور پر شروع ہوگا، جس کا دورانیہ بیچلرز کے لیے 8 سمسٹرز، ماسٹرز کے لیے 4 سمسٹرز اور پی ایچ ڈی کے لیے 6 سمسٹرز پر مشتمل ہوگا۔ محمدیہ سوراکرتا یونیورسٹی ملکی اور غیر ملکی طلبہ کو جدید تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اسکالرشپ کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جائیں گی، جن کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ خواہشمند طلبہ کے لیے ضروری ہے کہ وہ بروقت اپنی تعلیمی دستاویزات مکمل کریں اور مقررہ تاریخ سے قبل درخواست فارم جمع کرا کے اس تعلیمی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

Related Articles