لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تقریبات کے انعقاد کے پیشِ نظر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے افسران اور ملازمین کی ہفتہ وار چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔
لیسکو نے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے روز ڈیوٹی انجام دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے تمام فیلڈ اور آپریشن سرکلز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
لیسکو کی جانب سے جاری مراسلہ کمپنی کے چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز کو ارسال کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بسنت فیسٹیول کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام افسران و ملازمین اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ مراسلے کے مطابق لیسکو کے آپریشن، جی ایس او اور جی ایس سی کا عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا۔
انتظامیہ کے مطابق لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران پتنگ بازی، تقریبات اور شہری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث بجلی کے نظام پر اضافی دباؤ متوقع ہے، جس کے پیشِ نظر ہنگامی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی خرابی یا حادثے کی صورت میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی سہولت اور سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ بسنت کے دوران بجلی کی فراہمی میں خلل ڈالنے والے عوامل پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔