گل پلازہ میں لگی آگ 19گھنٹے بعد بھی بے قابو،لوگ اپنےپیاروں کے منتظر، پولیس نے ہیلپ لائن قائم کردی

گل پلازہ میں لگی آگ 19گھنٹے بعد بھی بے قابو،لوگ اپنےپیاروں کے منتظر، پولیس نے ہیلپ لائن قائم کردی

کراچی کے مصروف تجارتی علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی خوفناک آگ پر 19 گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی قابو نہیں پایا جا سکا، جس کے باعث علاقے میں خوف، بے چینی اور غم کی فضا قائم ہے۔

اس المناک واقعے نے کئی خاندانوں کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے بکہ متاثرہ افراد اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لیے اب بھی گل پلازہ کے باہر بے بسی کے عالم میں موجود ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 22 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندرونی حصوں تک رسائی مکمل نہ ہونے کے باعث حتمی اعداد و شمار بتانا قبل از وقت ہے۔

آگ بجھانے کا عمل مسلسل جاری ہے اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ،نجی ٹی وی کے مطابق جب گزشتہ شب گل پلازہ میں آگ بھڑکی تو اس وقت وہاں دکانداروں کے ساتھ ساتھ خریداروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔آگ کے فوری پھیلاؤ کے باعث کئی افراد عمارت میں پھنس گئے، جن میں سے بعض تاحال لاپتہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :کراچی، ایم اے جناح روڈ پر شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی،3افراد جاں بحق،متعدد زخمی

متاثرہ دکانداروں اور ان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ان کا مکمل روزگار اسی پلازہ سے وابستہ تھا اور اس حادثے نے ان کا معاشی نظام درہم برہم کر دیا ہے۔متاثرین کا کہنا ہے کہ کئی خاندانوں کو اب تک اپنے پیاروں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں مل سکی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ اور کرب میں مبتلا ہیں۔

گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ساؤتھ زون پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق اگر کسی شخص کو کسی لاپتہ فرد سے متعلق معلومات ہوں یا وہ کسی گمشدگی کی اطلاع دینا چاہتا ہو تو درج ذیل نمبرز پر رابطہ کر سکتا ہے:

02199205670

02199201196

02199205691

ڈی آئی جی ساؤتھ نے اس موقع پر کہا ہے کہ موصول ہونے والی ہر اطلاع پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند اور درست معلومات ہی حکام تک پہنچائیں تاکہ ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *