10جلسے،اڈیالہ جیل کے20دورے ،خزانے کے اربوں ضائع، یہ ہے سہیل آفریدی کی تین ماہ کی کارکردگی، فیاض الحسن چوہان

10جلسے،اڈیالہ جیل کے20دورے ،خزانے کے اربوں ضائع، یہ ہے سہیل آفریدی کی تین ماہ کی کارکردگی، فیاض الحسن چوہان

سابق صوبائی وزیر اور سینئر سیاستدان فیاض الحسن چوہان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی ابتدائی تین ماہ کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے سرکاری وسائل کو بے دریغ سیاسی سرگرمیوں اور ذاتی تشہیر پر خرچ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ نے اقتدار سنبھالنے کے بعد عملی کارکردگی دکھانے کے بجائے جلسوں، دوروں اور نمائشی اقدامات پر توجہ مرکوز رکھی۔فیاض الحسن چوہان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے پہلے تین ماہ کے دوران مجموعی طور پر 10 سیاسی جلسے کیے، جن میں سے ہر ایک جلسے پر اوسطاً 10 سے 12 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ خطیر رقم براہِ راست خیبر پختونخوا کے سرکاری خزانے سے ادا کی گئی جو درحقیقت عوام کی امانت تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی پیسہ ہے جو صوبے میں تعلیم، صحت، سیکیورٹی اور بنیادی انفراسٹرکچر جیسے اہم شعبوں پر خرچ ہونا چاہیے تھا۔

فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اس مختصر مدت میں اڈیالہ جیل کے تقریباً 20 دورے کیے، اور ہر ایک دورے پر 80 سے 95 لاکھ روپے کے اخراجات آئے۔

یہ بھی پڑھیں :فیاض الحسن چوہان نے خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا سکینڈل بے نقاب کردیا

انہوں نے کہا کہ یہ دورے کسی آئینی یا انتظامی مجبوری کے تحت نہیں تھے بلکہ مکمل طور پر سیاسی نوعیت کے تھے، جن کا مقصد محض سیاسی وفاداری کا اظہار اور میڈیا میں جگہ بنانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت شدید معاشی دباؤ، امن و امان کے مسائل، صحت کے بحران اور تعلیمی زبوں حالی کا شکار ہے، مگر بدقسمتی سے وزیراعلیٰ کی ترجیحات میں عوامی مسائل کہیں نظر نہیں آتے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا صوبے کے ہسپتالوں میں ادویات کی قلت ہے، سرکاری اسکول بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، جبکہ سیکیورٹی کے مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں، لیکن حکومت کی توجہ جلسوں اور سیاسی بیانات تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی طرزِ حکمرانی جاری رہی تو خیبر پختونخوا کے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ترجیحات کا ازسرِنو تعین کریں اور سرکاری وسائل کو سیاسی نمائش کے بجائے عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کریں۔

فیاض الحسن چوہان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے عوام اب محض نعروں اور جلسوں سے مطمئن ہونے والے نہیں، وہ عملی کارکردگی، شفافیت اور جوابدہی چاہتے ہیں اور وقت آنے پر عوام ایسے طرزِ حکمرانی کا سیاسی محاسبہ ضرور کریں گے۔

editor

Related Articles