بگ بیش لیگ کے ایک میچ میں آسٹریلوی کرکٹر اسٹیو اسمتھ اور پاکستانی کپتان بابر اعظم کے درمیان رن نہ لینے کے معاملے نے آسٹریلوی میڈیا میں کافی ہنگامہ پیدا کر دیا ہے،میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیو اسمتھ کے رویے سے بابر اعظم نے اپنی بے عزتی محسوس کی اور وہ شدید ناراض ہو گئے۔ میچ ختم ہونے کے بعد بابر اعظم سڈنی سکسرز کے چینجنگ روم میں رہے اور کسی سے ملاقات نہیں کی۔
رپورٹس کے مطابق بابراعظم سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سڈنی تھنڈر کے کھلاڑیوں سے ہینڈ شیک کے لیے بھی نہیں آئے اور انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں سے خود کو الگ کر لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بابر اعظم نے حیران کن غصے کا مظاہرہ کیا اور حتیٰ کہ کوچ کی کوشش کے باوجود وہ بات کرنے کے لیے تیار نہیں ہوئے۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ نے 10 ویں اوور کے آغاز پر بابر اعظم کو بتایا تھا کہ وہ پاور سرج اوور کی پہلی گیند کھیلیں گے۔ اس اوور میں اسٹیو اسمتھ نے 32 رنز بنائے، لیکن بابر اعظم نے خوشی یا حوصلہ افزائی ظاہر نہیں کی۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر مارک وا نے بابر اعظم کی جانب سے آؤٹ ہونے کے بعد باؤنڈری پر بیٹ مارنے پر تنقید کی اور کہا کہ ٹیم کے ماحول کے لیے اپنے جذبات کا مناسب اظہار نہ کرنا بہتر ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں :بگ بیش لیگ میں زبردستی باہر بلائے جانے پر محمد رضوان کا رد عمل سامنے آگیا
مائیکل وان اور ایڈم گلکرسٹ نے بھی بابر اعظم کے ردعمل کو غیر مناسب قرار دیا، مائیکل وان نے کہا کہ ٹیم اسپورٹ میں بعض فیصلے آپ کو اچھے نہ لگیں، لیکن ٹیم کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
ایڈم گلکرسٹ نے کہا کہ بابر اعظم ایک کلاس پلیئر ہیں، مگر میچ کے دوران اور بعد میں ٹیم ورک اور اسپورٹس مین شپ کے اصولوں کا مظاہرہ نہیں کیا گیا۔دوسری جانب بگ بیش لیگ کے ایک نئے میچ کے پری میچ مباحثے میں کمنٹیٹر ایشا گوہا نے اسٹیو اسمتھ سے پوچھا کہ آیا آپ اور بابر اعظم کے معاملات درست ہو گئے ہیں؟
اسٹیو اسمتھ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ہم نے بات کر لی، بابر اعظم نے اس رات اچھی بیٹنگ کی اور ہم نے گولف کے دوران بھی گفتگو کی۔ اسٹیو اسمتھ نے امید ظاہر کی کہ آنے والے میچ میں اچھی پرفارمنس ہوگی کیونکہ پچ بھی اچھی نظر آ رہی ہے۔

