نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ای سہولت فرنچائزز پر شناختی دستاویزات اور قومی شناختی کارڈ کی تجدید سمیت متعدد خدمات فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنا اور عوام کو ان کے قریب تر سہولیات مہیا کرنا ہے۔
نادرا کے مطابق منتخب ای سہولت فرنچائزز پر شہریوں کو شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید اور جلد حصول جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ان منی سینٹرز کے قیام سے مختلف محلوں اور بازاروں میں رہنے والے افراد کو نادرا دفاتر جانے کی زحمت سے نجات ملے گی اور وقت کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔
اس حوالے سے ترجمان نادرا شباہت علی سید نے میڈیا رپورٹ میں بتایا کہ ملک بھر میں شادی، طلاق، پیدائش اور وفات کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، تاہم ان کی رجسٹریشن کی شرح تشویشناک حد تک کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں میں قانونی اندراج کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے نادرا نے ریڈیو پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت عوامی شعور بیدار کرنے کی مہم چلائی جائے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نادرا نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں نادرا نے متعدد رجسٹریشن سینٹرز قائم کر رکھے ہیں، اس کے باوجود وہاں رش مسلسل بڑھتا جا رہا ہے، اسی مسئلے کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے بعض مخصوص علاقوں میں قائم دکانوں پر ای سہولت فرنچائزز کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان فرنچائزز پر کوائف میں تبدیلی کی سہولت دستیاب نہیں ہو گی۔
نادرا حکام کے مطابق ای سہولت فرنچائزز پر فراہم کی جانے والی سہولیات سے شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں تیزی آئے گی اور مجموعی طور پر رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔