پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے آئندہ آسٹریلیا سیریز اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاریوں سے متعلق اہم نکات شیئر کیے ہیں، جن میں کھلاڑیوں کی فارم، ٹیم کی تیاری اور دباؤ میں کارکردگی کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے ٹیم کی مجموعی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی مکمل فٹ ہیں اور ’ورلڈ کپ کے لیے پُرجوش‘ ہیں، جبکہ دباؤ میں شاندار کارکردگی دکھانے کی ان کی صلاحیت پر بھی اعتماد ظاہر کیا ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ہائی پریشر میچز کھیلنا ٹیم کے لیے ہمیشہ فائدہ مند ہوتا ہے کیونکہ اس سے بڑے ٹورنامنٹس کے اہم لمحات کے لیے بہتر تیاری ہوتی ہے۔
نوجوان ٹیلنٹ نمایاں
پاکستان کپتان نے نوجوان بلے باز خواجہ نافع کی تعریف کی جنہوں نے پراعتماد انداز میں ڈیبیو کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ نافع میں طویل عرصے تک پاکستان کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔
سلمان آغا نے کہاکہ ’خواجہ نافع نے ڈیبیو پر اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی، اس میں طویل عرصے تک پاکستان کے لیے کھیلنے کی صلاحیت ہے۔‘
انہوں نے محمد نواز کو ایک ’مکمل آل راؤنڈر‘ قرار دیا جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ شاداب خان کی واپسی کو ٹیم کے لیے مزید اسٹریٹجک آپشنز کا اضافہ قرار دیا۔
لچک اور ٹیم فرسٹ سوچ پر زور
اسلام آباد یونائیٹڈ میں کوچ مائیک ہیسن کے ساتھ اپنے تجربات پر بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے انہیں ’دنیا کے بہترین کوچز میں سے ایک‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تجربات نے ٹیم کو مختلف میچ صورتحال میں خود کو ڈھالنے اور حکمت عملی بہتر بنانے میں مدد دی۔
بیٹنگ پوزیشنز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بیٹنگ آرڈر میں کسی بھی نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں کبھی یہ نہیں سوچتا کہ کون سے نمبر پر کھیلنا ہے، فوکس صرف جیت پر ہوتا ہے اور ایک کھلاڑی کو ہر نمبر پر کھیلنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دوسروں کی رائے کی پروا نہیں کرتے، جو ان کی واضح ٹیم فرسٹ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔
اہم کھلاڑیوں کی فٹنس، نوجوان ٹیلنٹ کی شمولیت اور لچکدار حکمت عملی کے ساتھ سلمان آغا نے ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کی تیاریوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔