قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
لاہور میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف 36 گیندوں پر ناقابل شکست 50 رنز بنائے اور اپنے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی 39 ویں نصف سنچری مکمل کر کے بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بابر اعظم کے اس کارنامے سے قبل ویرات کوہلی نے 125 میچز میں 38 نصف سنچریاں بنا رکھی تھیں۔ واضح رہے کہ کوہلی اب ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
اس فہرست میں سابق بھارتی کپتان روہت شرما 37 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 31 نصف سنچریوں کے ساتھ چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 29 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
بابر اعظم نہ صرف نصف سنچریوں کے ریکارڈ میں سب سے آگے ہیں بلکہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے 139 اننگز میں 39.51 کی اوسط سے 4,505 رنز بنائے ہیں، جو ان کی مستقل کارکردگی اور شاندار بلے بازی کا ثبوت ہے، بابر اعظم کی یہ کارکردگی پاکستان کرکٹ کے لیے فخر کا مقام ہے اور ان کی قیادت میں ٹیم کی کارکردگی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔