یو اے ای کی طرف سے پاکستانی طلبعلموں کیلئے بڑی پیشکش، فل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

یو اے ای کی طرف سے پاکستانی طلبعلموں کیلئے بڑی پیشکش، فل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان

یو اے ای کی معروف سرکاری درسگاہ خلیفہ یونیورسٹی، ابو ظہبی نے فال 2026 کے داخلوں کیلئے قومی اور بین الاقوامی طلبہ کیلئے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ اسکالرشپس انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے دستیاب ہیں، جن کے تحت طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ مکمل مالی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اسکالرشپ پروگرام کے تحت طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس، رہائش، ماہانہ وظیفہ، درسی کتب، طبی و صحت انشورنس، فضائی سفر اور ویزا اخراجات بھی ادا کیے جائیں گے۔ اس مالی معاونت کا مقصد یہ ہے کہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ بلا رکاوٹ اپنی تعلیم مکمل کر سکیں اور دورانِ تعلیم سفری و رہائشی اخراجات کی فکر سے آزاد رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:زرمبادلہ کے محاذ پر خوشخبری، یو اے ای نے پاکستان کیلئے اہم فیصلہ سنا دیا

یہ اسکالرشپس خلیفہ یونیورسٹی کے تین بڑے تعلیمی شعبوں میں پیش کی جا رہی ہیں۔ کالج آف انجینئرنگ اینڈ فزیکل سائنسز میں ایرو اسپیس، کیمیکل، سول، الیکٹریکل، مکینیکل اور نیوکلیئر انجینئرنگ جیسے پروگرام شامل ہیں۔ کالج آف کمپیوٹنگ اینڈ میتھمیٹیکل سائنسز میں کمپیوٹر سائنس، اپلائیڈ میتھمیٹکس اور کمپیوٹیشنل ڈیٹا سائنس کے مواقع دستیاب ہیں، جبکہ کالج آف میڈیسن اینڈ ہیلتھ سائنسز میں بایومیڈیکل انجینئرنگ اور مالیکیولر لائف سائنسز کے پروگرام شامل ہیں۔

اسکالرشپس یو اے ای کے شہریوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی طلبہ کیلئے بھی کھدلی ہیں۔ ماسٹرز پروگرام کیلئے بیچلرز ڈگری اور پی ایچ ڈی کیلئے ماسٹرز ڈگری کا ہونا لازمی ہے۔ انگریزی زبان میں مہارت کا ثبوت درکار ہوگا، تاہم ایسے امیدوار جنہوں نے انگریزی ذریعہ تعلیم سے ڈگری حاصل کی ہو، انہیں اس شرط سے استثنا دیا جا سکتا ہے۔

درخواست دہندگان کو دیگر دستاویزات کے ساتھ ریفرنس لیٹرز، اسٹیٹمنٹ آف پرپز، ٹرانسکرپٹس، سی وی اور پاسپورٹ جمع کرانا ہوگا، جبکہ بعض پروگرامز میں انٹرویو اور جی آر ای اسکور بھی طلب کیے جا سکتے ہیں۔ درخواست کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہے اور درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 2 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وقت کے اندر درخواستیں جمع کرا کے اس مکمل فنڈڈ تعلیمی موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *