پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال اور مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی محمد ثاقب چڈھڑ کے درمیان سامنے آنے والے معاملے میں ایک نیا موڑ آگیا ہے، جس میں اب ایم پی اے کے وکیل کی جانب سے بھی مؤقف سامنے رکھا گیا ہے۔
وکیل میاں اشفاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل محمد ثاقب چڈھڑ کی ملاقات شکایت کنندہ مومنہ اقبال سے 2020 میں ہوئی تھی اور اس دوران دونوں کے درمیان قریبی تعلق رہا، یہاں تک کہ شادی کی بات بھی زیر غور تھی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس دوران مومنا اقبال نے ان کے مؤکل سے مختلف مالی اور ذاتی فوائد حاصل کیے، جو ان کے مطابق گزشتہ پانچ سال سے جاری رہے۔وکیل کے مطابق یہ کوئی عام نوعیت کا کیس نہیں ہے بلکہ ایک ایسے تعلق سے جڑا معاملہ ہے جس کی مکمل اور غیر جانبدار تحقیقات ضروری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں مزید تفصیلات آئندہ سامنے لائی جائیں گی اور ان کے مطابق شکایت کنندہ پر اثر و رسوخ کے غلط استعمال کے الزامات بھی موجود ہیں۔
وکیل نے یہ بھی کہا کہ اس کیس میں مزید افراد، بشمول محمد ثاقب چڈھڑ کی اہلیہ، کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور وہ بھی عدالت میں پیش ہوں گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی مکمل اور گہرائی سے تحقیقات کی جائیں تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔