حکومتِ پاکستان نے ملک بھر میں اسکولوں میں بچوں کے داخلے بڑھانے اور غریب خاندانوں کے بچوں کو تعلیم سے جوڑے رکھنے کے لیے ’بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام‘ کے تحت سہ ماہی تعلیمی وظائف کے اجراء کی تفصیلات اور رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ وظائف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے کفالت پروگرام کی سرگرم اور مستحق خواتین کے بچوں کو دیے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے چند شرائط کا پورا ہونا لازمی ہے۔ بچے کی والدہ کا بی آئی ایس پی کفالت پروگرام میں رجسٹرڈ اور فعال مستحق ہونا ضروری ہے، جبکہ بچے کے پاس نادرا کا جاری کردہ کمپیوٹرائزڈ ب فارم (B-Form/CRC) بھی لازمی ہونا چاہیے۔
عمر کی حد تعلیمی سطح کے مطابق مقرر کی گئی ہے، جس کے تحت پرائمری تعلیم کے لیے عمر 4 سے 12 سال، سیکنڈری کے لیے 8 سے 18 سال جبکہ ہائر سیکنڈری کے لیے 13 سے 22 سال مقرر کی گئی ہے۔
رجسٹریشن کے طریقہ کار کے مطابق والدین یا سرپرست اپنے بچوں کو پانچ آسان مراحل کے ذریعے پروگرام میں شامل کروا سکتے ہیں۔ پہلے مرحلے میں بچے کو ساتھ لے کر قریبی بی آئی ایس پی فیلڈ آفس جانا ہوگا۔ دوسرے مرحلے میں بچے کا نادرا ب فارم اور بی آئی ایس پی میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا۔
تیسرے مرحلے میں بی آئی ایس پی کا عملہ رجسٹریشن کے بعد انرولمنٹ سلپ جاری کرے گا۔ چوتھے مرحلے میں اس سلپ کو بچے کے اسکول یا کالج لے جا کر ہیڈ ٹیچر یا کلاس ٹیچر سے اسکول کا نام، کلاس، سیکشن اور تصدیقی مہر لگوانا ہوگی۔ پانچویں اور آخری مرحلے میں تصدیق شدہ سلپ دوبارہ بی آئی ایس پی دفتر میں جمع کروانے کے بعد جانچ پڑتال مکمل ہونے پر وظیفہ جاری کر دیا جائے گا۔
رجسٹریشن کے وقت والدہ کا شناختی کارڈ، بچے کا نادرا سے جاری کردہ ب فارم اور اسکول یا کالج کی تصدیق شدہ داخلہ دستاویز ساتھ لانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق بچے کے ب فارم کی نادرا ڈیٹا بیس سے تصدیق بھی لازمی ہوگی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ وظیفے کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بچے کی اسکول یا کالج میں کم از کم 70 فیصد حاضری لازمی ہے، جبکہ مطلوبہ حاضری پوری نہ کرنے والے طلبہ کا وظیفہ روک دیا جائے گا۔
حکومت کی جانب سے لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے مختلف سہ ماہی وظائف مقرر کیے گئے ہیں۔ جماعت اول تا پنجم کے لڑکوں کو 2500 روپے جبکہ لڑکیوں کو 3000 روپے دیے جائیں گے۔ جماعت ششم تا دہم کے لڑکوں کے لیے 3500 روپے اور لڑکیوں کے لیے 4000 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح جماعت یازدہم اور دوازدہم کے لڑکوں کو 4500 روپے جبکہ لڑکیوں کو 5000 روپے سہ ماہی وظیفہ دیا جائے گا۔
پروگرام کے تحت پرائمری تعلیم مکمل کرنے والی طالبات کو اضافی طور پر 3 ہزار روپے کا گریجویشن بونس بھی دیا جائے گا تاکہ لڑکیوں کو تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دی جا سکے۔