چینی برانڈ کی نئی گاڑی جیکو میں تکنیکی خرابیوں کا انکشاف،کمپنی نے گاڑیاں واپس منگوا لیں

چینی برانڈ کی نئی گاڑی جیکو میں تکنیکی خرابیوں کا انکشاف،کمپنی نے گاڑیاں واپس منگوا لیں

پاکستان میں حال ہی میں متعارف کرائی گئی چینی برانڈ کی گاڑی جیکوجے سیون میں تکنیکی خرابیاں سامنے آئی ہیں اس حوالے سے اوموڈا اینڈ جیکو نے آسٹریلیا میں اپنی جیکو جے سیون گاڑیوں کے لیے حفاظتی ری کال جاری کر دی ہے

پاک ویل کے مطابق جیکو کی ایک ہزار سے زائد گاڑیوں میں تکنیکی خرابی کی نشاندہی کی گئی ہے جو دورانِ ڈرائیونگ انجن بند ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق یہ ری کال 2025 ماڈل کی 1,028 جیکو جے سیون گاڑیوں پر لاگو ہوتی ہے، جو صرف 1.6 لیٹر ٹربو پیٹرول انجن کے ساتھ آسٹریلوی مارکیٹ میں فروخت کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:دس لاکھ سے کم میں کون سی گاڑیاں خریدی جاسکتی ہیں؟گاڑیوں کی مکمل تفصیلات

آسٹریلیا کے محکمہ انفراسٹرکچر کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیداواری عمل میں خرابی کے باعث الیکٹرانک کنٹرول یونٹ کی وائرنگ انجن کے ماؤنٹنگ بریکٹ سے رگڑ کھا سکتی ہے، جس سے وائرنگ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

حکام کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ یہ رگڑ وائرنگ کو متاثر کر سکتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی کے اہم نظاموں کے درمیان رابطہ منقطع ہو سکتا ہے۔ اگر وائرنگ کو نقصان پہنچے تو گاڑی کی طاقت اچانک ختم ہو سکتی ہے یا انجن غیر متوقع طور پر بند ہو سکتا ہے، جو دورانِ سفر حادثے کا باعث بن سکتا ہے اور گاڑی میں سوار افراد یا دیگر سڑک استعمال کرنے والوں کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔

کمپنی نے متاثرہ گاڑیوں کے مالکان سے براہِ راست رابطہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں قریبی مجاز ڈیلرشپ پر لے جا کر بغیر کسی معاوضے کے معائنہ اور مرمت کروائیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اوموڈا اور جیکو نے اکتوبر 2025 میں پاکستان میں جیکو جے سیون متعارف کروائی تھی، جہاں یہ برانڈ نشاط گروپ کے ذیلی ادارے نیکسٹ جن آٹو کے تحت کام کر رہا ہے۔

کمپنی نے پاکستان میں داخلہ گزشتہ سال اگست میں دو برقی گاڑیوں اوموڈا ای فائیو اور جیکو جے سکس کے ذریعے کیا تھا، جبکہ اکتوبر میں مقامی طور پر اسمبل کی گئی جیکو جے سیون پلگ اِن ہائبرڈ متعارف کرائی گئی، جس کی قیمت تقریباً ایک کروڑ روپے رکھی گئی اور یہ پاکستان میں برانڈ کی پہلی ہائبرڈ گاڑی ہے۔

دوسری جانب جیکو جے فائیو کو پاکستان کی سب سے سستی نئی ہائبرڈ ایس یو وی قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ ایک چھوٹی سائز کی گاڑی ہے جو خود سے چارج ہونے والے ہائبرڈ نظام کے ساتھ دستیاب ہے۔ جیکو جے فائیو کی قیمت 66 لاکھ 99 ہزار روپے سے 76 لاکھ 99 ہزار روپے کے درمیان ہے۔

اس گاڑی میں ڈیڑھ لیٹر ٹربو پیٹرول انجن کے ساتھ الیکٹرک موٹر اور ایک اعشاریہ آٹھ کلو واٹ آور بیٹری شامل ہے، جو دورانِ ڈرائیونگ خود چارج ہوتی ہے۔ دیگر ممالک میں جیکو جے فائیو برقی، پیٹرول اور ہائبرڈ تینوں اقسام میں دستیاب ہے

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *