بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے اڈیالہ جیل میں قائم اکاؤنٹس میں 3 لاکھ روپے جمع کرا دیے گئے ہیں تاکہ ان کی روزمرہ ضروریات اور دیگر اخراجات پورے کیے جا سکیں۔
ذرائع کے مطابق جمع کرائی گئی رقم قیدیوں کے لیے جیل قوانین کے تحت دستیاب سہولیات کھانے پینے کی اشیا اور دیگر ضروریات کے اخراجات کے لیے استعمال کی جائے گی۔ جیل قواعد کے مطابق قیدیوں کے ذاتی استعمال اور ضروریات کے لیے ان کے نام سے قائم اکاؤنٹس میں رقم جمع کرائی جا سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ رقم بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلمان کھرل نے جیل انتظامیہ کے حوالے کی، جس کے بعد اسے متعلقہ جیل اکاؤنٹس میں جمع کر دیا گیا۔
جیل ذرائع کے مطابق قیدیوں کے اکاؤنٹس میں جمع ہونے والی رقوم مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت استعمال کی جاتی ہیں اور ان رقوم سے قیدی جیل کے اندر دستیاب مجاز اشیا اور ضروری سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اس وقت مختلف مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جبکہ ان سے متعلق عدالتی اور قانونی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔