ایشین گیمز 2026ء کیلئے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سکواڈ کا اعلان ہوگیا، ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کو سونپ دی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ایشین گیمز کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا ہے، صاحبزادہ فرحان ٹیم کی قیادت کریں گے۔
ایشین گیمز 2026ء میں مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلوں کاآغاز 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں ہوگا ، ایشین گیمز میں کرکٹ کے تمغوں کے مقابلے 3 اکتوبر کو ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ 30 سالہ صاحبزادہ فرحان کے ساتھ عبدالصمد نائب کپتان کی ذمے داریاں سرانجام دیں گے ۔
صاحبزادہ فرحان پاکستان کیجانب سے 46 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 1305 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 2 سنچریاں اور 10 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
علاوہ ازیں عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کیلئے ٹی 20 انٹرنیشنل ایشین گیمز میں حصہ لیں گے۔
ایشین گیمز کے اسکواڈ کے 15 میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔
قومی ٹیم اسکواڈ
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان صاحبزادہ فرحان، نائب کپتان عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی اور حسن نواز شامل ہیں۔
اس کے علاوہ معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان کی قیادت میں ٹیم سے ایشین گیمز میں بہتر کارکردگی متوقع ہے ۔