بنوں حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے گروہ ’اتحاد المجاہدین‘ نے قبول کرلی، سیکیورٹی ذرائع

بنوں حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے گروہ ’اتحاد المجاہدین‘ نے قبول کرلی، سیکیورٹی ذرائع

بنوں میں پاک فوج کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری فتنہ الخوارج کے ذیلی گروہ اتحاد المجاہدین نے قبول کرلی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے تانے بانے افغانستان سے جا ملے ہیں اور اتحاد المجاہدین گروپ کا تعلق فتنہ الخوارج کے حافظ گل بہادر گروپ سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گروہ کا مرکزی سرغنہ گل بہادر اور اس کے اہم کمانڈر افغانستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں اور یہ گروپ افغان سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ گزشتہ رمضان المبارک میں بھی اسی گروپ نے بنوں کینٹ پر حملہ کیا تھا جس کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 2 ستمبر 2025 کو فیڈرل کانسٹیبلری بنوں میں ہونے والے حملے کے دوران میجر عدنان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میر علی سمیت شمالی و جنوبی وزیرستان میں ہونے والے متعدد حملوں کی ذمہ داری بھی اسی گروپ نے قبول کی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ ان حملوں کی منصوبہ بندی اور سہولت کاری افغانستان سے کی گئی تھی۔ فتنہ الخوارج کے مرکزی سرغنوں کی افغانستان میں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ افغان سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں: سرہ درگہ میں پاک فوج کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے کے تانے بانے افغانستان سے جا ملے

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کو پشت پناہی حاصل ہے جس کے باعث انہیں افغانستان میں محفوظ پناہ گاہیں میسر ہیں۔

ذرائع نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 70 فیصد سے زائد عناصر افغان نژاد یا افغانستان سے تعلق رکھنے والے ہیں، جبکہ افغان طالبان رجیم کی سرپرستی خطے میں امن کی کوششوں کو مسلسل سبوتاژ کر رہی ہے۔

Related Articles