وزیراعظم شہباز شریف کی شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز کے گھر آمد، شہید کے نام پر اسکول کے قیام کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کی شہید لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گلفراز کے گھر آمد، شہید کے نام پر اسکول کے قیام کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے مانسہرہ کا دورہ کیا اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی قیادت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر پہنچ کر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے شہید کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی، ان کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور شہید کیلئے دعائے مغفرت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطن عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور بہادری و جرات کی اعلی مثال قائم کی۔

یہ بھی پڑھیں:خود کش حملے میں شہید لیفٹیننٹ کرنل نے صبح سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پہ کون سی قرانی آیات لگائیں

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہدا اور ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شہید کے اہل خانہ کا حکومت اور پاک فوج مکمل خیال رکھیں گے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ان کی بلندی درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر فضا سوگوار تھی جبکہ مقامی افراد اور سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے مانسہرہ میں شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف شہید کی یاد کو زندہ رکھے گا بلکہ علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان کے نام پر فلاحی اور تعلیمی منصوبے شروع کیے جائیں۔

مزید پڑھیں:آج کے افغانستان میں بھی 2002 جیسا خطرہ منڈلانے لگا ہے، ماہر قومی سلامتی امور ڈاکٹر چیمہ کے اہم انکشافات

دورے کے موقع پر وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ، انجینیئر امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، مرتضیٰ جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی موجود تھے۔

سیاسی و عسکری حلقوں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ریاستی یکجہتی کا واضح اظہار ہے اور اس سے دہشت گردی کے خلاف جاری عزم کو تقویت ملے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *