آج کے افغانستان میں بھی 2002 جیسا خطرہ منڈلانے لگا ہے، ماہر قومی سلامتی امور ڈاکٹر چیمہ کے اہم انکشافات

آج کے افغانستان میں بھی 2002 جیسا خطرہ منڈلانے لگا ہے، ماہر قومی سلامتی امور ڈاکٹر چیمہ کے اہم انکشافات

ماہر قومی سلامتی امور ڈاکٹر قمر چیمہ نے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں موجود دہشتگرد عناصر نہ صرف پاکستان بلکہ پوری عالمی برادری کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’آج کا افغانستان اتنا ہی خطرناک ہے جتنا وہ 2002 میں تھا‘۔

ہفتہ کے روز نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغان طالبان آج بھی شدت پسند تنظیموں کی حمایت کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ’القاعدہ کو پناہ دی جا رہی ہے جبکہ ٹی ٹی پی کو بھی عملی سہولت کاری حاصل ہے‘۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ افغانستان کی سرزمین ایک مرتبہ پھر شدت پسند گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ بنتی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خود کش حملے میں شہید لیفٹیننٹ کرنل نے صبح سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پہ کون سی قرانی آیات لگائیں

ڈاکٹر قمر چیمہ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے سرگرم دہشتگردوں کا رخ پاکستان کی جانب موڑ دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ صرف پاکستان کی طرف سے نہیں بلکہ دیگر علاقائی ممالک بھی اسی مؤقف پر کھڑے ہیں۔ ان کے مطابق ’ایران، تاجکستان، روس اور چین بھی افغانستان کی سرزمین کے استعمال پر تشویش رکھتے ہیں اور کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں جو کام امریکا اور دیگر ممالک ادھورا چھوڑ گئے، اس کے اثرات اب خطے کے ممالک کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اگر بروقت اور مربوط حکمت عملی اختیار نہ کی گئی تو صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے‘۔

ماہر قومی سلامتی امور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانا ہوگا۔ ان کے مطابق ’یہ ایک طویل اور کٹھن جنگ ہو سکتی ہے مگر اسے منطقی انجام تک پہنچانا ناگزیر ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنی چاہئیں تاکہ آئندہ نسلوں کو محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں خود کش حملہ، لیفٹیننٹ کرنل شہزاد گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید، 5 خوارج ہلاک

سیاسی و دفاعی حلقوں میں ڈاکٹر قمر چیمہ کے بیان کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خطے میں بدلتی صورتحال کے تناظر میں یہ بیانات آنے والے دنوں میں پالیسی سازی پر بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اس بیان نے بحث چھیڑ دی ہے اور صارفین کی بڑی تعداد افغانستان کی صورتحال پر سخت مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *