خود کش حملے میں شہید لیفٹیننٹ کرنل نے صبح سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پہ کون سی قرانی آیات لگائیں

خود کش حملے میں شہید لیفٹیننٹ کرنل نے صبح سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پہ کون سی قرانی آیات لگائیں

بنوں میں ہونے والے خودکش حملے میں وطن کے بہادر سپوت، لیفٹیننٹ کرنل گلفراز نے جامِ شہادت نوش کیا۔ دہشت گردی کے اس افسوسناک واقعے نے جہاں پوری قوم کو سوگوار کر دیا وہاں ہی شہید افسر کا شہادت سے قبل گزشتہ شب اور سحری کے وقت واٹس ایپ پر لگائے گئے قرآنی آیات پر مبنی اسٹیٹس نے ہرایک کے ایمان کو بھی تازہ کردیا۔

لیفٹیننٹ کرنل گلفراز نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اور ہفتہ کی صبح سحری کے وقت اپنے واٹس ایپ اسٹیٹس پر سورۂ بقرہ کے آخری رکوع کی آخری 2 آیات اور چند مسنون وظائف شیئر کیے تھے۔ ان آیات میں ایمان، صبر، اطاعت اور اللہ کی طرف رجوع کا جامع پیغام موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بنوں میں خود کش حملہ، لیفٹیننٹ کرنل شہزاد گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید، 5 خوارج ہلاک

شہید افسر کے اس اسٹیٹس میں درج الفاظ ’یقیناً ہم اللہ کے ہیں اور ہم اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں‘ نے ہر پڑھنے والے کو اشکبار کر دیا۔ اہل خانہ اور ساتھی افسران کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل گلفراز نہایت دیندار، نرم گفتار اور فرض شناس شخصیت کے مالک تھے۔ وہ اکثر اپنے ماتحت جوانوں کو نماز، صبر اور اللہ پر کامل یقین کی تلقین کرتے رہتے تھے۔

آیات کا ایمان افروز ترجمہ

ان کے اسٹیٹس میں شامل آیات کا مفہوم کچھ یوں ہے کہ ’’رسول اور مومن اس کتاب پر ایمان لائے جو ان کے رب کی طرف سے نازل کی گئی۔ سب اللہ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں اور اس کے رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ہم نے سنا اور اطاعت کی، اے ہمارے رب ہم تیری بخشش چاہتے ہیں اور تیری ہی طرف لوٹنا ہے‘‘۔

آیات کریمہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اللہ کسی جان پر اس کی طاقت سے بڑھ کر بوجھ نہیں ڈالتا۔ انسان کو اس کی نیکی کا اجر اور برائی کا وبال ملتا ہے۔ بندہ اپنے رب سے دعا کرتا ہے کہ اگر ہم بھول جائیں یا خطا کر بیٹھیں تو ہمیں نہ پکڑ، ہم پر وہ بوجھ نہ ڈال جو ہم سے پہلے لوگوں پر ڈالا گیا، ہمیں معاف فرما، بخش دے اور رحم کر، تو ہی ہمارا کارساز ہے‘‘۔

شہادت کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد جب لوگوں نے ان کا آخری اسٹیٹس دیکھا تو سوشل میڈیا پر رقت آمیز پیغامات جاری ہونے لگے۔ صارفین نے لکھا کہ گویا شہید افسر کو اپنی منزل کا اندازہ تھا اور وہ مکمل اطمینان قلب کے ساتھ اپنے رب کی طرف لوٹنے کی تیاری کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ لیفٹیننٹ کرنل گلفراز نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نہایت جرات اور دیانت کے ساتھ انجام دیں اور دہشت گردی کے خلاف کئی اہم کارروائیوں میں حصہ لیا۔ ان کی شہادت اس بات کا ثبوت ہے کہ وطن کے محافظ ہر لمحہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل گلفراز کا آخری پیغام آج بھی ہزاروں لوگوں کے اسٹیٹس پر نظر آ رہا ہے اور ہر دل سے یہی صدا بلند ہو رہی ہے کہ ’ہم اللہ کے ہیں اور بے شک ہم اسی کی طرف لوٹنے والے ہیں‘۔

Related Articles