حکومت کا قومی بچت سکیموں کے لئے منافع میں اضافہ

حکومت کا  قومی بچت سکیموں کے لئے منافع میں اضافہ

وفاقی حکومت نے قومی بچت اسکیموں اور سروا اسلامک اسکیموں کے لیے شرح منافع میں اضافہ کر دیا ہے جس کا اطلاق آج 10 جون سے کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ اکاؤنٹ پر پہلے پانچ منافعوں کے لیے سالانہ شرح منافع بڑھا کر 12.4 فیصد مقرر کی گئی ہے، جبکہ چھٹے اور آخری منافع کے لیے یہ شرح 13.6 فیصد ہو گی۔

ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت مختلف سالوں کے لیے منافع کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر دسویں سال میں 216 فیصد تک مقرر کی گئی ہے۔

ریگولر انکم سرٹیفکیٹ کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ 1020 روپے منافع دیا جائے گا، جو 12.24 فیصد سالانہ شرح منافع کے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریگولر انکم سرٹیفکیٹس؛ 50 ہزار روپے تک کی سرمایہ کاری پر ماہانہ کتنا منافع ملے گا؟

بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر ایک لاکھ روپے کے عوض ماہانہ 1100 روپے منافع دیا جائے گا، جس کی سالانہ شرح 13.20 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ یہ سہولت بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ کے تحت صرف بیواؤں، بزرگ شہریوں اور جسمانی معذوری رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ صرف ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ صرف شہداء کے اہل خانہ کے لیے مختص ہے۔

مختصر مدتی بچت سرٹیفکیٹس کے تحت تین ماہ، چھ ماہ اور ایک سال کی مدت کے لیے بالترتیب 11.4 فیصد، 11.66 فیصد اور 11.77 فیصد سالانہ منافع مقرر کیا گیا ہے۔

سیونگ اکاؤنٹ پر منافع کی شرح 10 فیصد سالانہ برقرار رکھی گئی ہے۔

سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ میں ایک سالہ مدت کے لیے متوقع سالانہ شرح 11.88 فیصد، تین سالہ مدت کے لیے 9.16 فیصد اور پانچ سالہ مدت کے لیے 11.16 فیصد مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت نے چھوٹے کاروبار کرنے والے دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے نیا اور سادہ طریقہ کار متعارف کرا دیا

سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ پر 11.88 فیصد سالانہ منافع کے ساتھ فی ایک لاکھ روپے پر ماہانہ 990 روپے منافع ادا کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکیموں پر قواعد کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس، زکوٰۃ اور دیگر قابل اطلاق کٹوتیاں بھی لاگو ہوں گی۔

Related Articles