گردے انسانی جسم کے نہایت اہم اعضاء ہیں جو خون کی صفائی، فاسد مادوں کے اخراج اور جسم میں پانی و نمکیات کے توازن کو برقرار رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق گردوں کی صحت کو برقرار رکھنا مجموعی صحت کے لیے انتہائی ضروری ہے، تاہم روزمرہ زندگی کی کئی عام عادات بتدریج ان اعضاء کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر دس میں سے ایک فرد گردوں کے دائمی امراض کا شکار ہے، جبکہ بہت سی ایسی عادات ہیں جو بظاہر معمولی محسوس ہوتی ہیں لیکن طویل مدت میں سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پروٹین کا حد سے زیادہ استعمال گردوں پر اضافی دباؤ ڈالتا ہے، خاص طور پر ان افراد میں جنہیں پہلے سے گردوں کے مسائل لاحق ہوں۔ اسی طرح نمک کا زیادہ استعمال نہ صرف بلڈ پریشر میں اضافہ کرتا ہے بلکہ گردوں میں پتھری بننے کے امکانات کو بھی بڑھا دیتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ تمباکو نوشی گردوں تک خون کی روانی کو متاثر کرتی ہے اور ہائی بلڈ پریشر و ذیابیطس جیسے امراض کو مزید بگاڑ دیتی ہے، جو گردوں کی بیماریوں کی بڑی وجوہات میں شمار ہوتے ہیں۔ بعض تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ تمباکو نوشی گردوں کے کینسر کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میٹھے مشروبات، خصوصاً سوڈا اور زیادہ شکر والے مشروبات کا استعمال بھی گردوں کے دائمی امراض کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جسم میں پانی کی کمی گردوں کی کارکردگی کو متاثر کرتی ہے اور پتھری یا انفیکشن جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے درد کش ادویات کے بے جا استعمال کو بھی گردوں کے لیے خطرناک قرار دیا ہے، کیونکہ ان ادویات کا زیادہ استعمال گردوں تک خون کی مناسب فراہمی کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس لیے ایسی ادویات صرف ڈاکٹر کے مشورے سے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح موٹاپا اور جسمانی وزن میں اضافہ بھی گردوں کی صحت پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ موٹاپے سے جڑے امراض جیسے ذیابیطس ٹائپ ٹو اور ہائی بلڈ پریشر گردوں کی بیماریوں کے خطرے کو مزید بڑھا دیتے ہیں۔
ماہرین نے الکحل کے استعمال کو بھی گردوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے مسلسل استعمال سے گردوں کے دائمی امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ متوازن غذا، مناسب مقدار میں پانی کا استعمال، تمباکو نوشی سے پرہیز، صحت مند وزن کو برقرار رکھنا اور ادویات کا محتاط استعمال گردوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی روزمرہ عادات میں بہتری لا کر گردوں کے امراض سے مؤثر طور پر بچاؤ ممکن بنا سکتے ہیں۔