نیشنل سیونگز سینٹر نے 40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی تازہ قرعہ اندازی کے نتائج جاری کر دیے ہیں، جس میں خوش نصیب افراد کے لیے بڑی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔
قرعہ اندازی کے مطابق پہلا انعام 8 کروڑ روپے کا ہے جو بانڈ نمبر 810678 کے حامل خوش قسمت شخص کے نام نکلا ہے، اس انعام کو اس قرعہ اندازی کا سب سے بڑا انعام قرار دیا گیا ہے، جس نے ایک فرد کو راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا ہے۔
اسی طرح دوسرا انعام 3 کروڑ روپے رکھا گیا ہے، جو تین مختلف افراد کے حصے میں آیا ہے، یہ انعام بانڈ نمبرز 159467، 855955 اور 954286 رکھنے والے خوش نصیبوں نے حاصل کیا ہے، اس انعامی رقم کے بعد یہ افراد بھی بڑی مالی خوشحالی سے ہمکنار ہو گئے ہیں۔
نیشنل سیونگز کے مطابق تیسرا انعام اس قرعہ اندازی کا سب سے بڑا حصہ ہوتا ہے، جس کے تحت مجموعی طور پر 660 افراد کو 5 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے، یہ فہرست جلد مکمل تفصیلات کے ساتھ جاری کر دی جائے گی تاکہ تمام کامیاب شرکا اپنے انعامات کی تصدیق کر سکیں۔
پرائز بانڈ اسکیم پاکستان میں سرمایہ کاری کا ایک مقبول ذریعہ ہے، جس میں شہری اپنی بچت محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ بڑی انعامی رقم جیتنے کا موقع بھی حاصل کرتے ہیں۔ تاہم اس میں کامیابی مکمل طور پر قسمت پر منحصر ہوتی ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بانڈ نمبر احتیاط سے چیک کریں اور کسی بھی غلط معلومات سے بچنے کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔