پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری! قومی بچت مرکز نے اپنے ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر ماہانہ منافع کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق سرمایہ کاروں کو مقررہ شرح کے مطابق باقاعدہ آمدن حاصل ہو گی۔
یہ اسکیم فروری 1992 میں شروع کی گئی تھی جس کا مقصد عوام کو محفوظ سرمایہ کاری کے ساتھ ماہانہ آمدن فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کی مدت پانچ سال ہے اور منافع کا آغاز سرمایہ کاری کے فوراً بعد ہو جاتا ہے۔
اسکیم کے تحت تمام پاکستانی شہری اور بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ اس میں اکیلا فرد، نابالغ یا مشترکہ اکاؤنٹ کے ذریعے دو افراد بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
سرمایہ کاری کی کم از کم حد 50 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد نہیں ہے۔
مئی 2026 کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 9.60 فیصد سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ اس حساب سے، ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ تقریباً 830 روپے منافع حاصل ہوتا ہے۔ اسی شرح کے مطابق 50 ہزار روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ تقریباً 415 روپے منافع ملنے کا امکان ہے۔
ٹیکس قوانین کے مطابق، فعال ٹیکس دہندگان پر 15 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا، جبکہ نان فائلرز کے لیے یہ شرح 30 فیصد ہے۔ اس اسکیم پر زکوٰۃ کی کٹوتی نہیں کی جاتی۔