پنجاب کے مختلف علاقوں میں خشک اور گرم موسم کی شدت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے باعث سورج کی تپش نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں گرمی کی لہر مزید سخت محسوس کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسم کی صورتحال بھی غیر معمولی حد تک گرم رہی، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن کے وقت زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
گزشتہ روز شدید گرمی اور تیز دھوپ کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں تک محدود رہنے کو ترجیح دی ہے، جس کے نتیجے میں سڑکوں، بازاروں اور تجارتی مراکز میں معمول کے مقابلے میں رش کافی کم دیکھا گیا، کاروباری سرگرمیاں بھی جزوی طور پر متاثر ہو رہی ہیں ۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، بارش کے کوئی واضح امکانات ظاہر نہیں کیے گئے، جس کے باعث گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔
ماہرینِ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں احتیاط برتیں۔