مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس میٹ آفس کراچی میں جاری ہے جس میں ذوالحجہ کے چاند کی رویت سے متعلق صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
چاند کے اعلان سے قبل میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ ملک بھر کی تمام زونل کمیٹیوں سے مسلسل رابطہ قائم ہے اور جیسے ہی شرعی شہادتیں موصول ہوں گی تو اصولوں کے مطابق باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تک چاند نظر آنے سے متعلق کوئی حتمی شہادت موصول نہیں ہوئی، تاہم چاند نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مستند شہادتیں سامنے آئیں گی، مرکزی رویت ہلال کمیٹی فوری طور پر اعلان کرے گی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں چیئرمین نے کہا کہ چاند کی رویت یا عدم رویت کا حتمی فیصلہ صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی ہی کرے گی اور اس کا باقاعدہ اعلان شرعی اصولوں اور موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران شہریوں میں بھی چاند کے اعلان کے حوالے سے انتظار اور دلچسپی برقرار ہے جبکہ تمام تر توجہ مرکزی کمیٹی کے حتمی فیصلے پر مرکوز ہے۔