سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے ملک میں کمپنیوں کی رجسٹریشن سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق فروری سے اپریل کے دوران10 ہزار511 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال اسی مدت کے دوران رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کی تعداد آ8693 تھی، جس کے مقابلے میں رواں سال نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے،صرف اپریل کے مہینے میں 4ہزار 82 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ22 سے زائد ممالک کے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں نئی کمپنیاں قائم کیں، جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحت کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 218فیصد تک بڑھ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ اس عرصے میں88 کروڑ 20 لاکھ روپے رہا، جبکہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ رقم 27 کروڑ 70لاکھ روپے تھی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک میں تجارت، خدمات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعمیرات اور معدنیات کے شعبوں میں زیادہ کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔ اسی دوران ریگولیٹری قوانین کی پاسداری میں بھی نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جس میں اکسٹھ فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے مطابق تین ماہ کے دوران 61ہزار960کمپنیوں نے سالانہ گوشوارے جمع کرائے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 38 ہزار ت326تھی۔
اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ غیر درج شدہ کمپنیوں کے حصص کے سرٹیفکیٹس کو ڈیجیٹلائز کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس سے حصص سے متعلق تنازعات میں کمی آئے گی، اس کے علاوہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد میں سہولت مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔