گوگل سرچ ڈیٹا کا نیا تجزیہ سامنے آگیا ہے جس میں امریکا میں سب سے زیادہ غلط لکھے جانے والے الفاظ کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ یہ رپورٹ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رجحانات پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کے ڈیٹا تجزیے پر مبنی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 18 مئی تک کے سرچ رجحانات کا جائزہ لیا گیا، جس میں ’’ہاؤ ڈو یو اسپیل‘‘اور ’’ہاؤ ٹو اسپیل‘‘ جیسے سرچ ٹرینڈز کو بنیاد بنایا گیا۔ اس کے ساتھ ای او(SEO) اور مارکیٹنگ پلیٹ فارم کے ڈیٹا سے بھی مدد لی گئی تاکہ ہر لفظ کی تلاش کی مجموعی تعداد معلوم کی جا سکے۔
تجزیے میں انکشاف ہوا کہ امریکا میں سب سے زیادہ غلط املا کے ساتھ تلاش کیا جانے والا لفظ ’’بوگی‘‘ (bougie) رہا۔ اس کے بعد ’فیورٹ‘ (favorite)، تھرو (through)، بزنس(business)، ٹومارو (tomorrow)، بیکاز (because)، ڈیفنیٹلی(definitely)، بیوٹی فل (beautiful)، نِیس (niece) اور سیپریٹ (separate) شامل رہے۔
میڈیا رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف امریکی ریاستوں میں بھی مخصوص الفاظ زیادہ غلط لکھے گئے۔ فلوریڈا میں اسکول، کولوراڈو میں کلر، منی سوٹا میں یوکولیلے، اوریگون میں ’’ڈائمنڈ‘‘ جبکہ ٹیکساس میں ’’ری سائیکل‘‘سب سے زیادہ غلط اسپیلنگ والے الفاظ میں شامل رہے۔
ماہرین کے مطابق یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ روزمرہ استعمال ہونے والے عام الفاظ بھی اکثر درست املا کے ساتھ لکھنے میں مشکلات پیدا کرتے ہیں، خاص طور پر آن لائن سرچ کے دوران۔