اسلام آباد ہائیکورٹ میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف چلنے والے سفری پابندی کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے عدالت میں واضح کر دیا ہے کہ رجب بٹ کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے پر کوئی اعتراض نہیں۔ ادارے نے ان کا نام فہرست سے ہٹانے کی باضابطہ سفارش بھی کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور زون کی جانب سے ڈائریکٹر آپریشنز کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے جس کے بعد نام نکالنے کا عمل آگے بڑھنے کا امکان ہے۔
ادارے نے یہ بھی بتایا کہ رجب بٹ اس وقت انکوائری کا حصہ بن چکے ہیں، جس کے باعث قانونی صورتحال میں نرمی سامنے آئی ہے۔ ان کا نام 7 اگست 2025 کو اس وقت (پی سی ایل ) میں شامل کیا گیا تھا جب وہ تفتیش میں پیش نہیں ہوئے تھے۔
ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مبینہ توہین آمیز مواد کے کیس میں پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت کارروائی جاری ہے۔کیس کی اگلی سماعت 28 اپریل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس اعظم خان کریں گے جہاں مزید پیش رفت متوقع ہے۔