رجب بٹ کی نجی زندگی سے جڑا نیا تنازع سامنے آگیا

رجب بٹ  کی نجی زندگی سے جڑا نیا تنازع  سامنے آگیا

پاکستانی سوشل میڈیا اسٹار رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں مگر اس بار معاملہ ان کی نجی زندگی سے جڑا ایک نیا تنازع بن کر سامنے آیا ہے۔

معروف انفلوئنسر لاریب ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ رجب بٹ نے انہیں انسٹاگرام پر ذاتی پیغام بھیجا جس کے بعد لاریب نے فوری طور پر انہیں بلاک کر دیا اور اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔

لاریب ملک کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق رجب بٹ نے انہیں کو اپنے آپ کو ‘بڑا مداح’ ظاہر کرتے ہوئے رابطہ کیا۔ تاہم لاریب نے اس پیغام کو نظر انداز کرنے کے بجائے عوامی سطح پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا اور اپنے سوشل میڈیا پر واضح طور پر بتایا کہ انہوں نے فوراً “کوئین بیہیویئر” اپناتے ہوئے رجب بٹ کو بلاک کیا۔ اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے لاریب کے مؤقف کو سراہا، جبکہ رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق خبروں کی وجہ سے عوامی بحث کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کی ازدواجی زندگی کے گرد گھومنے والی افواہوں نے پہلے ہی ان کے مداحوں کو تقسیم کر رکھا تھا، اور اب یہ نیا واقعہ ان کی سوشل میڈیا ساکھ پر مزید سوالات اٹھا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رجب بٹ کیس میں بڑا موڑ، سفری پابندی فہرست سے نام نکالنے کی راہ ہموار

رجب بٹ کا نام پچھلے چند برسوں میں کئی تنازعات سے جڑ چکا ہے۔ شاہانہ طرزِ زندگی کی نمائش، شادی کی تقریبات میں غیر معمولی اخراجات، غیر قانونی شیر کے بچے رکھنے کا مقدمہ، متنازع پرفیوم لانچ، مذہبی حساسیت سے جڑے مقدمات، اور متعدد آن لائن اسکینڈلز انہیں بار بار خبروں میں لے آئے ہیں۔ ناقدین کے مطابق ان کے گرد تنازعات کا یہ تسلسل ان کی عوامی شخصیت کا مستقل حصہ بن چکا ہے۔

مذکورہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر رجب بٹ کے رویے، نجی تعلقات اور عوامی امیج پر بحث چھڑ گئی ہے۔ رجب بٹ کی جانب سے مذکورہ واقعے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

Related Articles