پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا تنقید کی زد میں آ گئے ہیں اس بار معاملہ ایک وائرل ویڈیو کے باعث مزید شدت اختیار کر گیا ہے جس پر سیاسی اور سماجی حلقوں خصوصی طور پر پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے بھی اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں رجب بٹ کو ایک ریسٹورنٹ میں وی لاگ بناتے دیکھا گیا، تاہم ویڈیو میں ان کے پیچھے بیٹھی ایک فیملی کو واضح طور پر غیر آرام دہ صورتحال میں دیکھا گیا۔
ویڈیو میں ایک خاتون کو کیمرے سے بچنے کے لیے چہرہ چھپاتے اور رخ موڑتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے اس عمل کو پرائیویسی کی خلاف ورزی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ قرار دیا۔
اس معاملے پر پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مقامات پر اس طرح کی ویڈیوز بنانا اخلاقی طور پر غلط ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض افراد بغیر سوچے سمجھے کیمرہ نکال کر دوسروں کی نجی زندگی متاثر کر دیتے ہیں، جو قابلِ افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ ایسے رویوں کے باوجود کچھ لوگ ان شخصیات کو اپنا رول ماڈل سمجھتے ہیں۔
یہ نیا تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی مختلف قانونی اور ذاتی معاملات کے باعث خبروں میں ہیں۔ ان کی نجی زندگی بھی مسلسل میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی ہے، خصوصاً شادی، علیحدگی اور خاندانی معاملات سے متعلق رپورٹس کے بعد۔
حالیہ واقعے نے ایک بار پھر سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی ذمہ داری، عوامی مقامات پر پرائیویسی کے احترام اور ڈیجیٹل اخلاقیات پر بحث چھیڑ دی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ شہرت کے ساتھ سماجی ذمہ داری بھی لازمی ہے اور اس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔