بولٹن ( اظہر جاوید سے ) معرکۂ حق میں پاکستان کی شاندار کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر برطانیہ کے شہر بولٹن میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواجِ پاکستان سمیت شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے موقع پر اوورسیز پاکستانی اور معروف کاروباری شخصیت اقبال لطیف نے آزاد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق کی کامیابی نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے نہ صرف دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ عالمی سطح پر اوورسیز پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی پراپیگنڈا مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے۔
اقبال لطیف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی اب پہلے سے زیادہ اعتماد کے ساتھ اپنے آبائی وطن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں کیونکہ معرکۂ حق کے بعد پاکستان کی ساکھ عالمی سطح پر مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان نے جس اتحاد، جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔