بجٹ 27 – 2026 : تنخواہ دار طبقے کو بڑی خوشخبری ملنے کا امکان

بجٹ 27 – 2026 : تنخواہ دار طبقے کو بڑی خوشخبری  ملنے کا امکان

حکومت پاکستان آئندہ مالی سال کے بجٹ 2026-27 میں تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس کا بوجھ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت ٹیکس کی شرح میں کمی اور ٹیکس چھوٹ کی حد میں اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اس بات کے حق میں ہیں کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس میں ریلیف فراہم کیا جائے۔ حکومت اس سال سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے بجائے بچنے والے مالیاتی وسائل کو ٹیکس ریلیف کی صورت میں استعمال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں اضافے سے ملازمین اکثر اونچے ٹیکس سلیب میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے ان کی مجموعی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوتا۔ اس لیے حکومت نے ٹیکس ریلیف کو زیادہ موثر حل قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں تنخواہ دار طبقے نے 425 ارب روپے سے زائد ٹیکس ادا کیا ہے، جو کہ ریئل اسٹیٹ، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کے مجموعی ٹیکس سے بھی زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا آئندہ بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے یا نہیں؟ حکومت کا اہم فیصلے پرغور

گزشتہ ماہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کام کرنے والے ملازمین کے لیے منظور کردہ 20 سے 35 فیصد تنخواہ میں اضافہ برقرار رکھا جائے گا، جو یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوگا۔

وفاقی ترقیاتی پروگرام کے فنڈز میں مزید کٹوتی کا امکان ہے تاکہ ٹیکس ریلیف فراہم کیا جا سکے، تاہم ان تمام تجاویز پر حتمی فیصلہ 15 مئی سے آئی ایم ایف کے ساتھ شروع ہونے والی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

Related Articles