حکومت نے عیدالاضحیٰ 2026 کے موقع پر سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے مئی کی تنخواہیں اور پنشن قبل از وقت ادا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے وزارتِ خزانہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کے ملازمین اور پنشنرز کو مئی 2026 کی تنخواہیں اور پنشن 22 مئی کو ادا کی جائیں گی تاکہ عید کی تیاریوں کے لیے انہیں بروقت مالی سہولت میسر آ سکے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 یا 28 مئی کو متوقع ہے، جس کا حتمی فیصلہ رویتِ ہلال کے مطابق کیا جائے گا، اسی پیش نظر ادائیگیوں کو مقررہ تاریخ سے پہلے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ ادائیگیاں وفاقی حکومت کے ریسیپٹس اینڈ پیمنٹ رولز 2025 کے تحت کی جائیں گی، جبکہ کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری رابطہ کر کے بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی یہ روایت رہی ہے کہ بڑے مذہبی تہواروں سے قبل سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ عید کے اخراجات، قربانی، سفر اور گھریلو ضروریات بہتر انداز میں پوری کر سکیں۔
ماہرینِ معیشت کے مطابق موجودہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے روزمرہ اخراجات کے باعث عوامی مالی دباؤ میں اضافہ ہوا ہے، ایسے میں تنخواہوں اور پنشن کی پیشگی ادائیگی لاکھوں خاندانوں کے لیے عید سے قبل ایک اہم سہولت ثابت ہوگی۔