پنجاب حکومت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد آج سے ون ایپ کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ اس تبدیلی کے تحت، اب کمرشل گاڑیوں کو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر چالان ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔
کار، موٹرسائیکل اور کمرشل گاڑیوں کی مختلف ٹریفک خلاف ورزیوں پر جرمانے میں کمی کی گئی ہے۔ موٹرسائیکل کے موبائل فون استعمال، لین لائن کی خلاف ورزی، ٹریفک بہاؤ میں خلل، پریشر ہارن اور دیگر خلاف ورزیوں پر ایک ہزار روپے کا جرمانہ عائد ہوگا۔ اس کے علاوہ، بغیر ہیلمٹ، ون وے کی خلاف ورزی اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل چلانے پر دو ہزار روپے کا جرمانہ ہوگا۔
کار ڈرائیورز کے لیے بھی جرمانوں میں کمی کی گئی ہے، 2000 سی سی کی کاروں کے ڈرائیورز کو لین لائن پر دو ہزار روپے اور ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی پر تین ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز جو بغیر لائسنس گاڑی چلائیں گے یا ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں پانچ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر بھی جرمانے کا اطلاق ہوگا۔ موٹرسائیکل اور رکشہ پر دو ہزار روپے، کار پر تین ہزار روپے اور کمرشل گاڑیوں پر پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ ٹریفک چالان کا مقصد شہریوں کی اصلاح کرنا ہے تاکہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور سڑکوں پر امن قائم رہے۔