موٹر سائیکل سواروں،گاڑی مالکان کو لائسنس سے متعلق بڑاریلیف مل گیا

موٹر سائیکل سواروں،گاڑی مالکان کو لائسنس سے متعلق بڑاریلیف مل گیا

 پنجاب میں موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی مالکان کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے عمل کو مزید آسان بنادیا گیا ہے، جس کے تحت اب شہری ایک ہی دن میں لرننگ اور ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرسکیں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو تیز، آسان اور جدید سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ شہریوں کو دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانا پڑیں۔

پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق نئے نظام کے تحت لائسنسنگ کے عمل کو تیز کیا گیا ہے جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے مختلف مراکز پر اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے،جدید نظام کے ذریعے شفافیت اور سہولت دونوں کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پنجاب بھر میں لاکھوں افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، صرف موٹر سائیکل لائسنس کی تعداد 28 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ 11 لاکھ سے زیادہ شہریوں کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں :ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے خوشخبری

اسی عرصے کے دوران 8 لاکھ سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید کروائی جبکہ 8 لاکھ 56 ہزار سے زیادہ افراد نے لرننگ لائسنس حاصل کیا۔ مزید برآں 12 ہزار سے زائد شہریوں کو بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس بھی جاری کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں بغیر لائسنس گاڑی اور موٹر سائیکل چلانا شامل ہے، اسی لیے لائسنسنگ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے محفوظ ڈرائیونگ اختیار کریں۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا قانوناً جرم ہے، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر لائسنس حاصل کریں تاکہ جرمانوں سے بچنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی پابندی بھی یقینی بنائی جاسکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائسنس یافتہ ڈرائیور نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جان کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں میں آگاہی مہم بھی جاری ہے تاکہ سڑکوں پر نظم و ضبط اور حادثات میں کمی لائی جا سکے ۔

editor

Related Articles