ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے خوشخبری

ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے خوشخبری

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ پراسیس کو مکمل طور پر پیپر لیس کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے پیپر لیس لائسنسنگ نظام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق یہ اقدام آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی جانب سے لائسنسنگ کے شعبے میں جدید اصلاحات کی طرف ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد شہریوں کو سہولت فراہم کرنا اور نظام کو مزید شفاف و مؤثر بنانا ہے۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر چیف ٹریفک آفیسر محمد سرفراز ورک اور ٹریفک پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے، آئی جی اسلام آباد نے پیپر لیس کاونٹرز کا تفصیلی جائزہ لیا اور نئے نظام کے مؤثر نفاذ کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ یہ اقدام شہریوں کی سہولت اور قیمتی وقت کے ضیاع کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری

انہوں نے کہا کہ پہلے شہریوں کو لائسنس کے حصول کے لیے مختلف دستاویزات، میڈیکل فارم، تصاویر اور دیگر کاغذات جمع کرانا پڑتے تھے، تاہم اب یہ تمام مراحل ڈیجیٹل نظام کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت شہریوں کو کسی اضافی دستاویز، فوٹو کاپی یا تصویر ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور پورا عمل پیپر لیس انداز میں مکمل کیا جائے گا۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق میڈیکل سے لے کر لائسنس کے اجرا تک تمام مراحل کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جبکہ لائسنسنگ فیس کے نظام کو بھی جلد مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ اب شہری صرف اپنے شناختی کارڈ کے ساتھ آ کر لائسنس حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو مختصر وقت میں مکمل کرنا ایک قابلِ تحسین کارنامہ ہے۔

editor

Related Articles