گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک میں نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ آنے میں تاخیر کا امکان ہے۔ نئے ڈیزائن والے کرنسی نوٹ کی منظوری کے لیے حکومت کو ڈیزائن بھیج دیے گئے تھے تاہم حکومت نے ڈیزائن میں کچھ تبدیلیاں اور اسے مزید بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک کو واپس بھیجا ہے۔
اسٹیٹ بینک اس پر کام کر رہا ہے اور نئے نوٹ کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔
قبل ازیں کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ تین سال قبل اور آج کے معاشی حالات میں نمایاں فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی بحالی کے باوجود کئی مسائل موجود ہیں، اور مشرقی وسطیٰ میں جاری جنگ کے معاشی چیلنجز بھی پاکستان پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔
جمیل احمد نے کہا کہ 2023ء کی نسبت 2026ء میں لیٹر آف کریڈٹ کھلنے میں بہتری آئی ہے اور پاکستان کی اوسط ماہانہ درآمدات فی الوقت 5 ارب ڈالر سے زائد ہیں، جبکہ تین سال قبل ماہانہ درآمدات اوسطاً 3 ارب ڈالر تھیں۔