امریکا کی جانب سے تحویل میں لئے گئے 11 پاکستانی اور 20 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی ہے، اسحاق ڈار

امریکا  کی جانب سے تحویل میں لئے گئے 11  پاکستانی اور 20  ایرانی شہریوں کی  وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی تحویل میں لیے گئے جہازوں میں سوار 20 ایرانی اور 11 پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی میں کامیابی حاصل کر لی گئی ہے اور انہیں وطن واپس لایا جا رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ، سنگاپور کے ذریعے یہ تمام شہری، جو امریکا کی جانب سے گہرے سمندر میں تحویل میں لیے گئے جہازوں پر سوار تھے، اپنی ملک واپسی کی منزل پر روانہ ہو گئے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے بتایا کہ تمام افراد خیریت سے ہیں اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، خصوصاً مشکلات کا شکار افراد کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ امریکی تحویل سے رہائی پانے والے تمام افراد پہلے سنگاپور سے بینکاک پہنچ چکے ہیں اور آج رات اسلام آباد پہنچنے والی پرواز میں سوار ہو چکے ہیں۔ بعد ازاں ایرانی شہریوں کو وطن واپسی کے لیے سہولت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھین: ایران نے برکس ممالک سے امریکی و اسرائیلی جنگی جارحیت کی مذمت کا مطالبہ کردیا

نائب وزیراعظم نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ویویان بالا، وزیر اعظم اور حکومت سنگاپور کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس پورے عمل میں مسلسل تعاون اور رابطہ رکھا۔ انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اپنے شہریوں کی واپسی کے لیے پاکستان پر اعتماد کیا۔

اسحاق ڈار نے امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا اور روبیو نے پاکستانی اور ایرانی 31 شہریوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون کیا۔ انہوں نے تھائی لینڈ حکومت اور نائب وزیراعظم سیہاسیک پھوئنگ کیٹکیو کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے بینکاک کے ذریعے ٹرانزٹ میں سہولت فراہم کی۔

Related Articles