پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اپنے صارفین کو ممکنہ عارضی خلل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سب میرین کیبل کی مرمت کے باعث 11 سے 18 مئی کے دوران تکنیکی کام جاری رہے گا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر متاثر ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مرمتی کام کے دوران بالخصوص شام کے اوقات میں صارفین کو انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی یا عارضی تعطل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان تکنیکی مسائل کو کم سے کم کرنے کے لیے ان کی ٹیمیں صورت حال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں تاکہ صارفین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اور انٹرنیٹ سروس کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔
پی ٹی سی ایل نے اپنے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اس ممکنہ خلل کے دوران اپنی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے انٹرنیٹ کا استعمال کریں اور کمپنی کی طرف سے فراہم کی جانے والی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔