آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جار ی کردیا

آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا ؟محکمہ موسمیات نے الرٹ جار ی کردیا

ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی علاقوں میں دن کے اوقات کے دوران شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے،دوسری جانب خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بعض مقامات پر تیز بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا جبکہ وسطی اور جنوبی اضلاع میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی، اس دوران گلگت بلتستان، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا، پنجاب اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی جاری

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلگت میں 15 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ استور میں 14، بابوسر میں 7، سکردو اور بگروٹ میں 6، بونجی اور چلاس میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

خیبر پختونخوا میں کالام اور دروش میں 9، چترال اور دیر میں 8، پٹن میں 6، چراٹ میں 5، کاکول میں 4 جبکہ پشاور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ،بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ کشمیر میں مظفرآباد ائیرپورٹ پر 8، سٹی میں 5، گڑھی دوپٹہ میں 8 اور راولاکوٹ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب میں مری میں 8، جہلم میں 6، منڈی بہاؤالدین میں 5 جبکہ منگلا اور جوہرآباد میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسلام آباد ائیرپورٹ اور نورپور تھل میں بھی ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔

editor

Related Articles