ہم دنیا کو ایک بہت بڑے بحران سے بچا رہے ہیں، پاکستان کی کوششیں کامیاب ہوں گی،خواجہ آصف

ہم دنیا کو ایک بہت بڑے بحران سے بچا رہے ہیں، پاکستان کی کوششیں کامیاب ہوں گی،خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری ثالثی کوششوں میں آہستہ آہستہ مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے اور پاکستان اس عمل میں ایک اہم اور تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کا حالیہ دورہ اس بات کی علامت ہے کہ معاملات کسی ممکنہ حل کے قریب پہنچ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی سرگرمیاں اس امر کی نشاندہی کرتی ہیں کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کے سلسلے میں پاکستان کی کوششیں بتدریج مثبت سمت میں بڑھ رہی ہیں اور امید ہے کہ اس کا جلد کوئی ٹھوس نتیجہ سامنے آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کی ثالثی میں مذاکرات کا مقصدخطے میں تنازعات کا سیاسی حل تلاش کرنا ہے،اسماعیل بقائی

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے علاقائی بحران کو ٹالنے میں مدد فراہم کر رہا ہے اور اگر یہ کوششیں کامیاب ہوتی ہیں تو یہ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ایک اہم پیش رفت ہوگی،انہوں نے دعا کی کہ پاکستان سمیت پورے خطے میں جلد امن و استحکام قائم ہو تاکہ عوام کو سکون میسر آ سکے۔

معیشت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے تسلیم کیا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور محدود آمدنی والے طبقات اس سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال نے معیشت پر منفی اثرات ڈالے ہیں، جس کے باعث معاشی بحالی کا عمل سست پڑ گیا ہے،وزیر دفاع نے کہا کہ اگر خطے میں امن قائم ہو جائے تو معاشی حالات میں بہتری آ سکتی ہے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا آسان ہو جائے گا۔

editor

Related Articles